
گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 55 رکنی افسران کے وفد نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) ہیڈ آفس جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور جدید اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ اور دیگر گروپس کے افسران شامل تھے۔ ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ اویس مشتاق نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں ایل ڈی اے کی ورکنگ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران افسران کو ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات، بالخصوص ماسٹر پلاننگ، اربن پلاننگ، ٹاؤن پلاننگ اور دیگر سیکشنز کی کارکردگی کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی ریفارمز، ڈیجیٹل میپنگ، آن لائن نقشہ جات، ای-بز پورٹل اور ڈیجیٹل نوٹسز کے اجرا کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کو ایک “لیوایبل” شہر بنانے کے لیے سسٹین ایبل ماڈل کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں اربن ری جنریشن کے تحت داتا دربار، نیلا گنبد، گلبرگ اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف خصوصی ترقیاتی کام جاری ہیں۔
وفد کو صوبائی دارالحکومت میں مکمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ریونیو جنریشن میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں وفد نے ایل ڈی اے سٹیزن فیسلیٹیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر نے درخواستوں کے پراسس اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔
اس موقع پر چیف ٹاؤن پلانر، چیف میٹروپولیٹن پلاننگ، چیف آئی ٹی، ڈائریکٹر فنانس سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔