غیر قانونی سوسائٹیز

ایل ڈی اے کا کریک ڈاؤن تیز، غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، 73 املاک سیل

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، نادہندگان اور غیرقانونی استعمال پر شکنجہ سخت

ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز میں 73 املاک کو سربمہر کر دیا۔

ایل ڈی اے کی ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گلشن راوی اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 23 جبکہ ٹاؤن شپ میں 18 املاک کو سیل کیا گیا۔

اسی طرح گلشن راوی میں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں پر 16 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں مزید 16 املاک کو سیل کیا گیا۔

سیل کی جانے والی املاک میں نجی اسکولز، کالجز، فارمیسیز، کلینکس، گراسری اسٹورز، بیکریز، ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پراپرٹی دفاتر، بیوٹی سیلونز، کلاتھ شاپس، دکانیں اور دیگر کاروباری مراکز بھی کارروائی کی زد میں آئے۔

یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈی جی ایل ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ شہر میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور شہری نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ایسے آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button