
سعودی عرب کا بڑا اعلان، 2026 سے غیر ملکیوں کو پراپرٹی خریدنے کی اجازت
سعودی عرب میں نیا قانون نافذ، Vision 2030 کے تحت رئیل اسٹیٹ سیکٹر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کھول دیا گیا
سعودی عرب نے ایک تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے 2026 سے غیر ملکی شہریوں کو پراپرٹی خریدنے کی اجازت دینے کا اعلان کر دیا ہے، جسے ملک کے معاشی ویژن کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ Vision 2030 کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد معیشت کو متنوع بنانا اور تیل پر انحصار کم کرنا ہے۔ اس پالیسی کے ذریعے سعودی حکومت رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
نئے قوانین کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار مخصوص علاقوں میں رہائشی اور کمرشل پراپرٹی خرید سکیں گے، تاہم حساس یا مذہبی اہمیت کے حامل مقامات پر خریداری کیلئے خصوصی شرائط لاگو ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف سعودی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں تیزی آئے گی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔ خاص طور پر خلیجی خطے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
رئیل اسٹیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کیلئے ایک نئی مارکیٹ کھل گئی ہے، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار بھی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سرمایہ کاری سے قبل مقامی قوانین، ٹیکس پالیسی اور پراپرٹی کی قانونی حیثیت کا مکمل جائزہ لینا ضروری ہوگا۔