
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے تحصیل واہگہ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی اسکیموں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل 182 ڈوگرائے کلاں میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، جہاں انہیں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈی سی لاہور نے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے گلیوں کی لیولنگ بہتر بنانے اور مین ہول کورز کو سطح کے مطابق کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
محمد علی اعجاز نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، شفافیت اور مقررہ وقت میں تکمیل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تعمیراتی میٹریل کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام محکمے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متحرک رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی ویژن پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ ان کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔